Thursday 4 August 2016

ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ نہ ہونے پر مصباح بیحد افسردہ

ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ  نہ ہونے پر مصباح بیحد  افسردہ 




مصباح الحق پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ نہ ہونے پر بیحد افسردہ ہیں، ٹیسٹ کپتان کا کہنا ہے کہ بدقسمتی سے نوجوان اپنے ہیروز کو ایکشن میں دیکھنے سے محروم ہیں، مالی مشکلات کی وجہ سے ملک میں کھیل کے فروغ کیلیے منصوبوں پر عمل درآمد نہیں ہو رہا۔
تفصیلات کے مطابق انگلینڈ کیخلاف تیسرے ٹیسٹ سے قبل ایجبسٹن میں میڈیا سے بات چیت میں مصباح الحق نے پاکستان میں انٹرنیشنل میچز نہ ہونے سے پیدا ہونے والے احساس محرومی پر کھل کر بات کی، انھوں نے کہا کہ کرکٹ کھیلنے والی قوم کی منصوبہ بندی ہی بدل چکی، بدقسمتی سے نوجوان اپنے ہیروز کو ایکشن میں دیکھنے سے محروم ہیں،ان کو نہ صرف کرکٹ بلکہ دیگر کھیلوں کی ترغیب دلانے کے مواقع ہی میسر نہیں، ورلڈ کپ اور دیگر ایونٹس کے انعقاد سے نوجوانوں میں آگے بڑھنے کا جذبہ پیدا ہوتا ہے، کھیلوں کا جنون انھیں منفی سرگرمیوں سے دور رکھتا ہے، ہمیں یہ سہولیات میسر نہیں ہیں، میزبانی کا موقع نہ ملنے کی وجہ سے پی سی بی کو بھی مالی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
وسائل کم ہونے کی وجہ سے ملک میں کھیل کے فروغ کیلیے منصوبوں پر عمل درآمد نہیں ہو رہا، اسکول اور گراس روٹ لیول پر سہولیات فراہم کرنے میں مشکل پیش آرہی ہے، انفرا اسٹرکچر کی کمی کے سبب نوجوان میدانوں کا رخ نہیں کرپاتے، اس معاملے میں ہم خوش قسمت نہیں ہیں، ہماری خواہش ہے کہ جلد از جلد ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ بحال ہو اور نوجوان کرکٹرز کو صلاحیتیں نکھارنے کا موقع ملے، انھوں نے کہا کہ آرمی سمیت تمام اداروں کی کوششوں سے ملک میں سیکیورٹی صورتحال تیزی سے بہتری کی جانب گامزن ہے، مستقبل میں مزید بہتر ہونے پر انٹرنیشنل کھیلوں کا انعقاد ہوگا۔

No comments:

Post a Comment