Saturday 13 August 2016

اوول ٹیسٹ؛ انگلینڈ کے 328 رنز کے جواب میں پاکستان نے 340 رنز بنالیے

اوول ٹیسٹ؛ انگلینڈ کے  328 رنز کے جواب میں  پاکستان نے 340 رنز  بنالیے


 پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان 4 ٹیسٹ میچز کی سیریز کے آخری ٹیسٹ کے دوسرے روز میزبان ٹیم کے 328 رنز کے جواب میں پاکستان نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 340 رنز بنالیے ہیں۔
لندن کے کیننگٹن اوول گراؤنڈ میں کھیلے جارہے میچ کے دوسرے روز انگلینڈ کے 328 رنز کے جواب میں پہلی اننگز میں پاکستان کی بیٹنگ جاری ہے. کھیل کے دوسرے روز کے اختتام پر پاکستان نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 340 رنز بنالیے یوں قومی ٹیم کو انگلیںڈ پر 12 رنز کی برتری حاصل ہوگئی ہے۔
دوسرے روز پاکستان نے اپنی پہلی نامکمل اننگز 3 رنز ایک کھلاڑی آؤٹ پر شروع کی تو یاسر شاہ اور اظہر علی اپنا کھاتا کھولے بغیر وکٹ پر موجود تھے، نائٹ واچ مین یاسر شاہ 26 رنز بنا کر اسٹیون فن کی گیند پر جوئے روٹ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے جس کے بعد اظہر علی نے اسد شفیق کے ساتھ ملکر 75 رنز کی شراکت داری قائم کی لیکن اظہر علی 49 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ اسد شفیق اور یونس خان نے چوتھی وکٹ کے لیے 150 رنز کی شراکت داری قائم کی اس دوران یونس خان نے اپنی نصف اور اسد شفیق نے اپنی نویں سنچری مکمل کی جب کہ اسد شفیق 109 رنز بنا کر فن کا نشانہ بنے۔ یونس خان نے کپتان مصباح کے ہمراہ پانچویں وکٹ کے لیے 39 رنز کی شراکت قائم کی لیکن مصباح زیادہ دیر وکٹ پر نہ رک سکے اور 15 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے تاہم یونس خان نے اس دوران اپنی 32ویں سنچری مکمل کی۔ نئے آنے والے بیٹسمین افتخار احمد بھی صرف 4 رنز ہی بناسکے۔ یونس خان 101 اور سرفراز احمد 17 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔
کھیل کے پہلے روز انگلینڈ کی جانب سے الیکس ہیل اور کپتان کک نے اننگز کا آغاز کیا، الیکس ہیلز 6 رنز بنا کر محمد عامر کی گیند پر یاسر شاہ کو کیچ دے بیٹھے جب کہ کپتان کک 35 رنز بنا کر پویلین لوٹے اور روٹ 26 رنز بنا کر اور جیمز ونز ایک رنز بنانے کے بعد وہاب ریاض کا شکار بنے، گیری بیلنس بھی زیادہ دیر کریز پر نہ کھڑے ہوسکے اور وہ صرف 8 رنز بنا سکے۔ معین علی اور جونی برسٹو نے چھٹی وکٹ کے لیے 93 رنز کی شراکت داری قائم کرکے ٹیم کا اسکور مستحکم کیا، جونی برسٹو 55 رنز بنا کر محمد عامر کا شکار بنے لیکن معین علی نے کرس ووکس کے ساتھ ملکر ساتویں وکٹ کے لیے 79 رنز کی شراکت داری قائم کی جس کے بعد ووکس کو سہیل خان نے 45 رنز پر آؤٹ کیا، اس دوران معین علی نے اپنی شاندار سنچری مکمل کی۔ سہیل خان نے اسٹیون فن کو 8 اور معین علی کو 108 رنز پر آؤٹ کر کے اننگز میں اپنی 5 وکٹیں مکمل کیں۔ پاکستان کی جانب سے سہیل خان5،  وہاب ریاض 3 جب کہ محمد عامر نے 2 وکٹیں حاصل کی۔

No comments:

Post a Comment