Sunday 14 August 2016

پاکستان نے اوول ٹیسٹ میں انگلینڈ کو 10 وکٹوں سے شکست دیدی

پاکستان نے اوول ٹیسٹ  میں انگلینڈ کو 10 وکٹوں  سے شکست دیدی

 پاکستان نے اوول ٹیسٹ میں انگلینڈ کو 10 وکٹوں سے تاریخی شکست دے کر 4 ٹیسٹ میچز کی سیریز 2-2 سے برابر کردی۔



اوول ٹیسٹ میں میزبان انگلینڈ نے قومی ٹیم کو جیت کے لئے 40 رنزکا ہدف دیا جس کے جواب میں گرین کیپس نے ہدف بغیر کسی نقصان کے پورا کیا جس کے بعد 4 ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز 2-2 سے برابر ہوگئی۔ ہدف کے تعاقب میں اوپننگ بلے باز اظہر علی اور سمیع اسلم میدان میں آئے اور انہوں نے بغیر کسی دباؤ کے پراعتماد انداز سے کھیلتے ہوئے ہدف پورا کیا اور اظہر علی نے چھکا لگا کر وننگ شارٹ کھیلا۔
شائقین کرکٹ کی جانب سے جشن آزادی کے موقع پر انگلینڈ کے خلاف جیت کو گرین کیپس کی جانب سے قوم کو خصوصی مبارکباد قرار دیا جارہا ہے جب کہ وزیراعظم نواز شریف نے بھی قومی ٹیم کی جیت پر کرکٹ ٹیم اور پوری قوم کو مبارکباد دی ہے۔ وزیراعظم کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ 70ویں یوم آزادی پر کرکٹ ٹیم کی انگلینڈ کے خلاف کامیابی قوم کو خصوصی تحفہ ہے،کھلاڑی، کوچز اور بہترین مینجمنٹ مبارکباد کے مستحق ہیں۔
اوول ٹیسٹ کے چوتھے روز کا کھیل شروع ہوا تو انگلینڈ نے اپنی دوسری اننگز 88 رنز 4 کھلاڑی آؤٹ سے دوبارہ شروع کی۔ بیلنس 4 جب کہ بیراسٹرا 14 رنز پر کریز پر موجود تھے۔ 128 رنز کے مجموعی اسکور پر بیلنس سہیل خان کا شکار بنے انہوں نے 17 رنز بنائے۔ بیلنس کے بعد معین علی میدان میں اترے انہوں نے جونی بیرسٹو کے ساتھ مل کر مزاحمت کی لیکن لنچ سے کچھ دیر قبل یاسر شاہ نے معین علی کی شکل میں انگلینڈ کو چھٹا نقصان پہنچایا، انہوں نے 32 رنز بنائے۔
کھانے کے وقفے کے بعد بیرسٹو کا ساتھ دینے ووکس میدان میں اترے لیکن 209 کے مجموعی اسکور پر وہ بھی آؤٹ ہوگئے۔ اگلی ہی گیند پر بیرسٹو سب سے زیادہ 81 رنز بنا کر چلتے بنے۔ اس موقع پر اسٹیورٹ براڈ اور اسٹیفن فن نے پاکستان کی برتری ختم کی اور انگلینڈ کو اننگز کی شکست سے بچایا۔ 221 رنز کے اسکور پر براڈ بھی یاسر شاہ کا شکار بنے۔ جیمز اینڈرسن اور اسٹیفن فن نے آخری وکٹ کی شراکت میں 32 رنز بنائے اور اسکور کو 253 رنز پر لے گئے۔ اس موقع پر افتخار احمد نے اینڈرسن کو ایل بی ڈبلیو کر کے انگلینڈ کی اننگز کا خاتمہ کیا۔
پاکستان کی جانب سے سب سے کامیاب بولر یاسر شاہ رہے ہیں جنہوں نے 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، وہاب ریاض نے 2  جب کہ افتخار احمد اور سہیل خان نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
واضح رہے کہ انگلینڈ نے انگلش ٹیم کے کپتان السٹرکک نے اوول ٹیسٹ میں ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کی اور پہلی اننگز میں انگلش ٹیم نے 328 اور دوسری اننگز میں 253 رنز بنائے جب کہ پاکستان نے یونس خان کی شاندار ڈبل سنچری اور اسد شفیق کی سنچری کی بدولت 542 رنز بنائے۔

No comments:

Post a Comment